شیطانی وسوسوں سے نکلنے کا آسان نسخہ





 مولانا محمد کلیم صدیقی۔


ایک دفعہ ان کے پاس ایک طالب علم آیا جو بہت دنوں تک دینی علوم سیکھتا رہا، پڑھنے کے بعد جب وہ اپنے وطن واپس جانے لگا ، تو وہ بزرگ اس سے مخاطب ہو کر کہنے لگے :


 میاں ایک بات بتاتے جاؤ۔


 وہ کہنے لگا : دریافت کیجئے ، میں بتانے کے لیے تیار ہوں ۔


“ وہ کہنے لگے : ” یہ تو بتاؤ، کیا تمہارے یہاں شیطان بھی ہوتا ہے؟ وہ کہنے لگا:” حضور شیطان کہاں نہیں ہوتا ، شیطان تو ہر جگہ ہوتا ہے۔“ انہوں نے پوچھا: ” اچھا بتاؤ، اگر تم نے خدائے تعالیٰ سے ۔ دوستی لگانی چاہی اور شیطان نے تمہیں ورغلا دیا تو تم کیا کرو گے؟


اس نے کہا: میں شیطان کا مقابلہ کروں گا ۔“ کہنے لگے : فرض کرو تم نے شیطان کا مقابلہ کیا اور وہ بھاگ گیا تم نے پھر سے اللہ تعالیٰ کے قرب کے حصول کے لئے جدوجہد کی اور پھر تمہیں شیطان نے روک لیا، تو کیا کرو گے؟


 اس نے کہا: ”میں پھر مقابلہ کروں گا ۔“


وہ کہنے لگے : ”اچھا مان لیا، تم نے دوسری دفعہ بھی ایسے بھگا دیا لیکن اگر تیسری دفعہ وہ پھر تم پر حملہ آور ہو گیا اور اس نے تمہیں اللہ تعالیٰ کے قرب کی طرف بڑھنے نہ دیا، تو کیا کرو گے؟“


 وہ کچھ حیران سا ہو گیا ، پھر کہنے لگا: ” میرے پاس سوائے اس کے اور کیا علاج ہے کہ میں پھر اس کا مقابلہ کروں ۔“


وہ کہنے لگے: ” اگر ساری عمرتم شیطان سے مقابلہ ہی کرتے


رہو گے، تو خدا تک کب پہنچو گے۔“ وہ لا جواب ہو کر خاموش ہو گیا۔


اس پر اس بزرگ نے کہا : اچھا یہ تو بتاؤ، اگر تم اپنے کسی دوست سے ملنے جاؤ، اور اس نے ایک کتا بطور پہرہ دار رکھا ہوا ہو، اور جب تم اس کے دروازہ پر پہنچنے لگو ، تو و ہ تو وہ تمہاری ایڑی پکڑ لے، تو تم کیا کرو گے؟“


وہ کہنے لگا: ”کتے کو ماروں گا اور کیا کروں گا ۔“


وہ کہنے لگے : ” فرض کرو تم نے اسے مارا اور وہ ہٹ گیا لیکن اگر دوبارہ تم نے اس دوست سے ملنے کے لئے اپنا قدم آگے بڑھایا اور پھر اس نے تمہیں دوبارہ آ پکڑا، تو کیا کرو گے؟“


وہ کہنے لگا : ” میں پھر ڈنڈا اٹھاؤں گا اور اسے ماروں گا ۔“


انہوں نے پوچھا: اچھا تیسری بار پھر سے وہ تم پر حملہ آور ہو گیا تو تم کیا کرو گے؟“ وہ کہنے لگا: ” اگر وہ کسی طرح باز نہ آیا، تو میں اپنے دوست کو آواز دوں گا کہ ذرا باہر نکلنا، یہ تمہارا کتا مجھے آگے بڑھنے نہیں دیتا، اسے سنبھال لو۔


 وہ کہنے لگے : ”بس یہی گر شیطان کے مقابلہ میں بھی اختیار کرنا، اور جب تم اس کی تدابیر سے بچ نہ سکو، تو پھر اپنے خدا سے ہی کہنا کہ وہ شیطان کو روکے اور تمہیں اپنے قریب بڑھنے دے۔


رب کریم کا فرمان ہے:


ان الذين اتقوا اذا مسهم الشيطان تذكروا فاذا هم مبصرون.


ترجمہ: یقیناً جو لوگ متقی ہیں جب انھیں کوئی خطرہ شیطانی لاحق ہوتا ہے تو وہ یاد الہی میں لگ جاتے ہیں جسے یکا یک انھیں سوجھ آجاتی ہے۔ 


سبحان اللہ ! ہمارے بزرگوں اور اطبائے روحانی کا قرانی ذوق علاج ، حکیم الامت مجد دملت حضرت تھانوی نور اللہ مرقدہ نے ہم جیسے عزیمت سے محروم کمزور اور کم ہمت لوگوں کے نفس و شیطان کے چنگل اور گناہوں کی دلدل سے نکلنے کا ایک تیر بہ ہدف اور بالکل آسان نسخہ ارشاد فرمایا ہے : عشا کے بعد دو رکعت صلوۃ التوبہ اور صلوۃ الحاجت پڑھ کر، بندہ اپنے گناہوں پر ندامت اور شرمندگی کا اظہار کر کے، اپنی بے بسی اور نفس و شیطان کے مقابلے میں اپنی مغلوبیت کا شکوہ ، اپنے کریم رب سے کر کے نفس و شیطان کے غلبہ اور گناہوں کی غلاظت سے بچانے اور نکالنے کی چند منٹ دعا کرے۔


 کاش ہم مسلسل فسق و فجور اور گناہوں کی غلاظت سے نکلنے کے لئے ، اس سہل اور آسان نسخہ شفا سے فائدہ اٹھا ئیں ۔



------------------------------------------------------------------

All In One

بے شمار دینی کتب ، درسی کتب ،شروحات، ماہنامہ ، رسائل، نعتیں، ویڈیوز، اسلامی تصاویر، یومیہ آیت مع ترجمہ، حدیث مع ترجمہ، محقق با حوالہ مسائل، اوقات نماز وغیرہ سب کچھ بلکل مفت حاصل کرنے کے لئے ڈونلوڈ کیجیے 

Download IslamicTube App 

ویبسائٹ لنک      

islamictube.in

---------------------------------------------------------------------


To Top